ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شمالی کینرا گرام پنچایت انتخابات کے پہلے مرحلہ میں ہوئی 74.77 فیصد پولنگ

شمالی کینرا گرام پنچایت انتخابات کے پہلے مرحلہ میں ہوئی 74.77 فیصد پولنگ

Wed, 23 Dec 2020 11:19:26    S.O. News Service

کاروار،23؍دسمبر (ایس او نیوز) گرام پنچایت انتخابات  کے پہلے مرحلے کے لئےضلع شمالی کینرا کے  5تعلقہ جات میں  کل  22دسمبر کو  جو پولنگ ہوئی اس کا مجموعی اوسط 74.77 فیصد رہا۔

ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق ہوناور تعلقہ میں 76.07فیصد  پولنگ ہوئی جو ضلع میں سب سے زیادہ ہے۔انکولہ میں 75.82%، کمٹہ 75.38%،بھٹکل 74.42% اورکاروار میں 71.18 فیصد  پولنگ درج کی گئی۔

تمام پانچوں تعلقہ جات میں صبح سات بجے سے شروع ہونے والی پولنگ کی رفتار دوپہر ہوتے ہوتے تیز ہوگئی اور شام پانچ بجے پوری طرح پرامن طریقے پر 74.77 فیصد کے مجموعی اوسط پر اختتام پزیر ہوئی۔ضلع کے ان پانچ تعلقہ جات میں  2,24,080مرد اور 2,21,801 خواتین پر مشتمل جملہ 4,45,881 ووٹرس ہیں ان میں سے166671مرد اور166708 خواتین  کو ملاکرجملہ 3,33,379ووٹروں نے پورے جوش و خروش کےساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔     

ضلع ڈپٹی کمشنر اور ضلع الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر ہریش  کمار نے بتایا کہ پولنگ کو پرامن بنائے رکھنے کے لئے ضلع انتظامیہ نے تمام حفاظتی اقدامات کیے تھے۔ کووڈ پروٹوکول کا بھی پوری طرح خیال رکھا گیا تھا۔ ووٹروں کے علاوہ پولنگ بوتھ پر تعینات اہلکاروں اور افسران کے لئے ماسک پہننا ، سوشیل ڈسٹینسنگ اورسینی ٹائزر کا استعمال وغیرہ لازمی کردیا گیا تھا۔ معذوروں کے لئے ہر پولنگ بوتھ کے پاس وھیل چیئر کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔امن و امان بنائے رکھنے  اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنےکے لئے مناسب تعداد میں پولیس کو بھی تعینات کردیا گیا تھا۔

پہلے مرحلے کی پولنگ بہت ہی پر امن طریقے سے اور پرجوش انداز میں مکمل ہونے پر ضلع ڈی سی نے تمام ووٹروں، اہلکاروں اور افسران کی تحسین و ستائش کی ہے اور27دسمبر کو جودوسرے مرحلے کی پولنگ ہونے والی ہے اس وقت بھی اسی طرح خوش گوار ماحول میں اس عمل کو  مکمل  کرنےمیں تعاون دینے  کی اپیل  کی ہے۔

خیال رہے کہ ووٹنگ کی گنتی 30دسمبر کو ہوگی جس کے بعد نتائج ظاہر کیے جائیں گے ۔  تب تک بیلٹ باکس کو تعلقہ مراکز کے محفوظ کمروں میں  رکھا جائے گا۔


Share: